امریکی شہریوں سے 35 ارب کے فراڈ کیس میں این سی سی آئی اے نے تحقیقات کا سلسلہ شروع کیا تھا اور این سی سی آئی اےحکام نے مرکزی ملزم فہیم اکرم کو اب گرفتار کرلیا ہے
،واضح رہے کہ ملزم کی گرفتاری پر امریکی حکام نے 1 لاکھ ڈالر کا انعام مقرر کیا تھا۔
لاہور میں آج پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایڈیشل ڈائریکٹر لاہور زون عاطف امیر نے بتایا کہ ملزم اگست 2023 سے ستمبر 2026 تک http://LabelsBank.com کے نام سے ویب سائٹ چلا رہا تھا، جہاں پانچ ملین سے زائد جعلی امریکی ڈاک ٹکٹ فروخت کیے گئے۔- فی ٹکٹ دو امریکی ڈالر وصول کیے گئے، جبکہ مجموعی مالیت پاکستانی کرنسی میں تقریباً 35 ارب روپے بتائی گئی ہے-
تحقیقات میں کاروبار کے لیے 16 بینک اکاؤنٹس استعمال کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ جن میں ملزم کے اپنے ، اس کے بھائی، اہلیہ، بہن اور خالہ کے اکاؤنٹس شامل ہیں۔این سی سی آئی نے اس – کیس میں ایف آئی آر نمبر 246/2026 درج کی ہے۔ تحقیقات کے سلسلے میں پنجاب، اسلام آباد اور سندھ میں آٹھ خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئیں ہیں ۔ جنہوں نے 35 مقامات پر چھاپے مارے اور 47 افراد سے پوچھ گچھ کی۔ تفتیشی ٹیموں نے مصنوعی ذہانت سمیت جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے 122 کال ڈیٹا ریکارڈز، 50 آئی ایم ای آئی ٹریکنگ رپورٹس اور 120 کیمروں کی ویڈیو و آڈیو ریکارڈنگ کا تجزیہ کیا۔
ملزم کا سراغ لگانے کے لیے دس روز تک لوکیٹر آپریشن بھی جاری رہا۔- کیس کی مؤثر اور جامع تحقیقات کے لیے ایڈیشنل ڈائریکٹر این سی سی آئی اے لاہور زون عاطف امیر نے ایک مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (Combined Investigation Team) تشکیل دی تھی- مشترکہ تحقیقاتی ٹیم میں ڈپٹی ڈائریکٹر وقاص سعید، ڈپٹی ڈائریکٹر حسن، ایس ایچ او نجم باجوہ، سب انسپکٹر نبیل اور سب انسپکٹر تنویر شامل ہیں۔- مشترکہ تحقیقاتی ٹیم جعلی ڈاک ٹکٹوں کی فروخت، مالی لین دین اور اس نیٹ ورک سے منسلک دیگر افراد کے کردار کی مزید چھان بین کرے گی۔
NNCIA کی بڑی کارروائی :امریکا سے35 ارب کے فراڈ میں ملوث مرکزی ملزم فہیم اکرم گرفتار

