راولپنڈی (ویب ڈیسک): راولپنڈی کی ضلع کچہری میں عدالتی کارروائی کے دوران شدید کشیدگی اس وقت عروج پر پہنچ گئی جب ایک وکیل نے مبینہ طور پر سول جج پر تشدد کر ڈالا، جس کے نتیجے میں سول جج ملک علی میراں شدید زخمی ہو گئے۔ واقعے کے بعد کچہری میں شدید بھگدڑ مچ گئی اور خوف و ہراس پھیل گیا۔
ذرائع کے مطابق ناخوشگوار تلخ کلامی کے بعد ہونے والے اس حملے میں سول جج ملک علی میراں کے سر پر شدید چوٹیں آئیں، جنہیں فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔
سول جج ملک علی میراں کو سر پر گہری چوٹیں آنے کے بعد فوری طور پر راولپنڈی کے بینظیر بھٹو شہید اسپتال (BBH) منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں کے مطابق ان کے سر پر 5 سے 6 ٹانکے لگائے گئے ہیں اور ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی راولپنڈی پولیس کی بھاری نفری اور اعلیٰ حکام فوری طور پر ضلع کچہری پہنچ گئے اور احاطہ عدالت کو اپنے گھیرے میں لے کر صورتحال پر قابو پایا۔
پولیس نے جج پر مبینہ طور پر ہاتھ اٹھانے والے وکیل کو موقع پر ہی حراست میں لے کر تھانے منتقل کر دیا ہے جہاں اس کے خلاف سخت قانونی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا جا رہا ہے۔
راولپنڈی ضلع کچہری: وکیل کے مبینہ تشدد سے سول جج ملک علی میراں شدید زخمی

