ممبئی :بالی ووڈ اداکار ٹائیگر شروف کی گاڑی پر فائرنگ کے واقعے میں ملوث تینوں ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔ پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج اور ریلوے پولیس کے ساتھ رابطے کی مدد سے ملزمان کی نقل و حرکت کا سراغ لگایا، جو گجرات کے شہر سورت کی جانب جا رہے تھے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق تفتیش کے دوران پولیس کو سی سی ٹی وی فوٹیج سے اہم شواہد ملے، جن کی مدد سے ملزمان کے سفر کی سمت معلوم ہوئی۔
پولیس نے ریلوے پروٹیکشن فورس (آر پی ایف)، گورنمنٹ ریلوے پولیس (جی آر پی) اور پڑوسی ریاستوں کی پولیس کو الرٹ کیا، جس کے بعد تینوں ملزمان کو گرفتار کرنے میں کامیابی حاصل ہوئی۔
یہ گرفتاریاں مہاراشٹر کے وزیراعلیٰ دیویندر فڑنویس کے اس بیان کے بعد سامنے آئیں، جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ممبئی پولیس کو واقعے کے حوالے سے اہم سراغ ملے ہیں اور حملے میں ملوث افراد کے ساتھ ان کے ہینڈلرز کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
تمام تینوں شوٹرز کو راجستھان کی اینٹی گینگسٹر ٹاسک فورس اور کوٹہ سٹی پولیس نے ایک مشترکہ اور انتہائی تیز رفتار بین الصوبائی آپریشن کے دوران گرفتار کر لیا ہے۔رپورٹ کے مطابق ملزمان ٹرین کے ذریعے فرار ہورہے تھے اور پولیس نے ملزمان کو راجستھان ریلوے سٹیشن سے گرفتار کیا۔ ملزمان کے نام پھول سنگھ رہائشی سونی پت ، ہریانہ ، ریحان رہائشی سونی پت ہریانہ اور ہریتھک کمار عرف روشن رہائشی بیگو سرائے بہار بتائے گئے ہیں۔پولیس حکام نے تصدیق کی ہے کہ گرفتار کیے گئے شوٹرز کا تعلق خطرناک لارنس بشنوئی گینگ سے ہے اور وہ کرائے کے شوٹرز (Contracted Shooters) کے طور پر کام کر رہے تھے۔
ممبئی پولیس کی جانب سے ملنے والی خفیہ اطلاعات پر کارروائی کرتے ہوئے سیکیورٹی فورسز نے کوٹہ ریلوے اسٹیشن کی مکمل ناکہ بندی کی اور دہلی جانے والی ٹرین کو گھیرے میں لے کر تینوں مفرور ملزمان کو رنگے ہاتھوں حراست میں لے لیا۔مرکزی اور صوبائی تحقیقاتی ایجنسیاں اداکار پر ہونے والے اس ہائی پروفائل حملے کی منصوبہ بندی، نیٹ ورک اور اس کے پیچھے موجود مرکزی سہولت کاروں کا سراغ لگانے کے لیے مزید تفتیش کر رہی ہیں۔

