واشنگٹن / کوپن ہیگن:
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ گرین لینڈ میں تیل، گیس اور نایاب معدنی ذخائر کی تلاش کا عمل بہت جلد باضابطہ طور پر شروع کیا جا رہا ہے۔ اس حوالے سے ایک اہم اسٹریٹجک معاہدے کو حتمی شکل دی گئی ہے جس کے تحت خطے میں توانائی کے ذخائر کی تلاش اور معاشی تعاون کو وسعت دی جائے گی۔معاہدے کی تفصیلات کے مطابق، خطے کی سیکیورٹی کو مزید مستحکم کرنے کے لیے گرین لینڈ کے جنوبی اور مشرقی حصوں میں دو نئے امریکی فوجی اڈے بھی قائم کیے جائیں گے۔ اس کے ساتھ ہی، اسٹریٹجک دفاعی نظام کے تحت امریکی ”گولڈن ڈوم“ (Golden Dome) میزائل ڈیفنس سسٹم کو بھی اس خطے میں وسعت دی جا رہی ہے تاکہ خطے کے دفاع کو فول پروف بنایا جا سکے۔امریکی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ تمام اقدامات متعلقہ فریقین کے باہمی تعاون سے عمل میں لائے جا رہے ہیں، جن میں ڈنمارک کی خودمختاری اور گرین لینڈ کے عوام کے حقوق کا بھی مکمل احترام ملحوظ رکھا گیا ہے۔ بین الاقوامی مبصرین کے نزدیک اس فیصلے سے آرکٹک خطے میں عالمی طاقتوں کی رسہ کشی اور اقتصادی سرگرمیوں میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔

