پسرور محمد اشفاق
: تھانہ صدر مریدکے کی حدود میں واقع وفاقی وزیر رانا تنویر حسین کے آبائی گاؤں ننگل کسوالا میں دوہرے قتل کی ایک لرزہ خیز واردات پیش آئی ہے، جہاں گھریلو ناچاقی کے باعث ایک شخص نے مبینہ طور پر فائرنگ کر کے اپنی بہن اور بھابھی کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔تفصیلات کے مطابق، ملزم عدنان نے گھر میں اندھا دھند فائرنگ کر کے 16 سالہ زینب اور 18 سالہ مریم کو قتل کیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچی اور دونوں خواتین کی لاشوں کو تحویل میں لے کر تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال مریدکے کے مردہ خانے منتقل کر دیا۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق اس دل دہلا دینے والے واقعے کی بنیادی وجہ گھریلو ناچاقی بتائی جا رہی ہے۔ واردات کے بعد ملزم عدنان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔مریدکے اور گردونواح میں اس قسم کے پرتشدد واقعات نے شہریوں میں شدید تشویش اور خوف و ہراس کی لہر دوڑا دی ہے، جبکہ ننگل کسوالا کی فضا اس افسوسناک سانحے کے بعد سوگوار ہے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے اور ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ پولیس نے ملزم کو جلد قانون کے کٹہرے میں لانے کی یقین دہانی بھی کرائی ہے۔

