گوالیار (مانیٹرنگ ڈیسک): بھارت کی ریاست مدھیہ پردیش کے شہر گوالیار میں ایک انوکھا واقعہ پیش آیا ہے، جہاں 21 سالہ نوجوان اپنی 18 سالہ نئی نویلی دلہن کو چڑیا گھر کی سیر کرانے لایا، تاہم موٹرسائیکل پارک کرنے کے دوران ہی اہلیہ پراسرار طور پر غائب ہو گئی۔تفصیلات کے مطابق شوہر نے چڑیا گھر کے مرکزی داخلی دروازے پر اہلیہ کو انتظار کرنے کا کہا اور خود موٹرسائیکل پارک کرنے چلا گیا۔ چند منٹ بعد جب وہ واپس لوٹا تو دلہن وہاں موجود نہیں تھی۔واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ خاتون مبینہ طور پر ایک دوسرے شخص کے ساتھ موٹرسائیکل پر بیٹھ کر روانہ ہو گئی۔ متاثرہ شوہر نے مقامی پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کراتے ہوئے "ارمان خان” نامی شخص پر اپنی اہلیہ کو بہلا پھسلا کر لے جانے کا الزام عائد کیا ہے۔پولیس کے مطابق واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں اور خاتون کی تلاش جاری ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ خاتون کا سراغ ملنے کے بعد ہی یہ واضح ہو سکے گا کہ وہ اپنی مرضی سے گئی ہے یا اسے ورغلا کر لے جایا گیا ہے۔

