لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 12 ویں ایڈیشن کی تاریخوں کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔پی سی بی کے مطابق ایچ بی ایل پی ایس ایل کا 12 واں ایڈیشن 18 مارچ سے 2 مئی 2027ء تک کھیلا جائے گا، جس میں مسلسل دوسری مرتبہ 8 ٹیمیں شرکت کریں گی۔ پی ایس ایل کی ونڈو کو گورننگ کونسل اور تمام فرنچائز مالکان کی باہمی مشاورت سے حتمی شکل دی گئی ہے۔ اس سے قبل پی ایس ایل گورننگ کونسل کا اجلاس یکم ستمبر کو لندن میں منعقد ہوا تھا، جس میں تمام 8 فرنچائزز کے نمائندوں نے شرکت کی۔پی ایس ایل 11 میں پہلی مرتبہ پلیئر ڈرافٹ کی جگہ ‘پلیئر آکشن’ متعارف کرایا گیا تھا، جبکہ ایونٹ کے فائنل میں قذافی اسٹیڈیم میں 32 ہزار 461 تماشائیوں نے شرکت کی جو کہ ایک نیا ریکارڈ ہے۔چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ پی ایس ایل 11 نے عالمی سطح پر لیگ کی صلاحیتوں کو ثابت کیا، جہاں سنسنی خیز مقابلے، ریکارڈ کراؤڈ اور براڈکاسٹنگ کے نئے معیار دیکھنے کو ملے۔ انہوں نے آئندہ سیزن کو مزید شاندار اور یادگار بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔پی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹیو افسر سلمان نصیر نے کہا کہ 2027ء میں شائقین کی توقعات پر پورا اتریں گے۔ ونڈو کا اعلان پہلا قدم ہے اور تمام 8 ٹیمیں ٹائٹل کے لیے پہلے سے زیادہ عزم کے ساتھ میدان میں اتریں گی۔یاد رہے کہ پشاور زلمی نے پی ایس ایل 11 کے فائنل میں حیدرآباد کنگز مین کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر 9 سال بعد ٹرافی اپنے نام کی تھی۔پی سی بی کے مطابق پی ایس ایل 12 کی ڈائریکٹ سائننگز، پلیئر آکشن، میچ شیڈول، وینیوز اور ٹکٹنگ سے متعلق تفصیلی معلومات جلد جاری کی جائیں گی۔

