اجمیر (نیوز ڈیسک)
بھارت کی ریاست راجستھان کی اجمیر سینٹرل جیل میں بلیاں بھی سیکیورٹی اور نظم و ضبط کا غیر رسمی مگر اہم حصہ بن گئی ہیں۔ جیل انتظامیہ کے مطابق ان بلیوں نے جیل میں چوہوں کی تلفی کے ساتھ ساتھ خطرناک کوبرا سانپ کی نشاندہی میں بھی کلیدی کردار ادا کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق جیل انتظامیہ طویل عرصے سے چوہوں کے باعث راشن، اہم ریکارڈ اور دیگر سامان کے نقصان سے پریشان تھی۔ اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے جیل کے احاطے میں موجود بلیوں کی دیکھ بھال شروع کی گئی، جس کے بعد چوہوں کا خاتمہ ممکن ہو سکا۔حال ہی میں ایک انوکھا واقعہ اس وقت پیش آیا جب جیل میں موجود ایک بلی نے غیر معمولی رویہ اختیار کرتے ہوئے عملے کو الرٹ کیا۔ عملے نے موقع پر پہنچ کر دیکھا تو وہاں ایک زہریلا کوبرا سانپ موجود تھا، جسے بلی کی بروقت نشاندہی کے باعث فوری طور پر قابو کر لیا گیا۔جیل حکام نے بلیوں کی اس موثر کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں جیل کے ماحول کو محفوظ بنانے میں انتہائی معاون قرار دیا ہے۔

