سیالکوٹ (سلیم اعوان شیخوسے )
قومی اسمبلی کے ضمنی انتخابات کی مہم کے دوران افسوسناک حادثہ پیش آیا ہے، جہاں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار کی انتخابی مہم کے قافلے میں شامل گاڑی کے نیچے آ کر کمسن بچی جاں بحق ہو گئی۔تفصیلات کے مطابق گوجرانوالہ کے علاقے گوندلانوالہ کے محلہ اسلام آباد میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار چودھری راشد محمود بشیر ورک کی انتخابی مہم کے سلسلے میں قافلہ گزر رہا تھا کہ اچانک مقامی ٹیلر ماسٹر جمشید کی کمسن بیٹی گاڑی کی زد میں آ کر شدید زخمی ہو گئی۔بچی کو فوری طور پر گوندلانوالہ ٹیچنگ ہسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی علاقے میں کہرام مچ گیا اور اہل خانہ غم سے نڈھال ہو گئے۔واقعے کے بعد مقامی افراد کی بڑی تعداد جائے حادثہ پر جمع ہو گئی اور اس افسوسناک واقعے پر شدید رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے مکمل تحقیقات اور ذمہ داری کا تعین کرنے کا مطالبہ کیا۔ انتظامیہ کے مطابق حادثے کی حتمی وجوہات اور ذمہ داری کا تعین تحقیقات کے بعد کیا جائے گا۔


