ڈلاس: گرینڈ پریری کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ لیگ 2 کے سنسنی خیز میچ میں امریکہ نے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے خلاف 331 رنز کا بڑا ہدف باآسانی حاصل کرتے ہوئے 6 وکٹوں سے شاندار فتح حاصل کر لی۔ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے متحدہ عرب امارات کی ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 330 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا۔یو اے ای کے بیٹر محمد شہداد نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 107 گیندوں پر 114 رنز کی شاندار سنچری اسکور کی، جس میں 9 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے۔اوپنر تانیش سوری نے 78 گیندوں پر 10 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 78 رنز کی اننگز کھیلی۔امریکہ کی جانب سے ہرمیٹ سنگھ سب سے کامیاب باؤلر رہے، جنہوں نے 10 اوورز میں 65 رنز دے کر 4 اہم وکٹیں حاصل کیں۔ سوربھ نیتراولکر، احسان عادل، جسدیپ سنگھ اور شبھم رنجانے نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔331 رنز کے بڑے ہدف کے تعاقب میں امریکہ کی شروعات محتاط رہی، تاہم مڈل آرڈر بیٹرز کی عمدہ کارکردگی نے میچ کا رخ موڑ دیا۔ امریکہ نے 48.5 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 332 رنز بنا کر میچ اپنے نام کر لیا۔ملند کمار امریکہ کی جیت کے ہیرو رہے، جنہوں نے صرف 84 گیندوں پر 7 چوکوں اور 5 چھکوں کی مدد سے 116 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔دوسرے اینڈ سے شبھم رنجانے نے بھی جارحانہ انداز اپنایا اور 49 گیندوں پر 57 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ دونوں کے درمیان پانچویں وکٹ کے لیے 160 رنز کی ناقابلِ شکست شراکت داری قائم ہوئیکپتان مونک پٹیل (55 رنز) اور سائی تیجا مکھاملا (56 رنز) نے بھی نصف سنچریاں بنا کر فتح کی بنیاد رکھییو اے ای کی طرف سے ایان افضل خان، علی نصیر، ابرار احمد اور محمد شہداد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

