لاہور / اسلام آباد (نیوز ڈیسک):
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سری لنکا کے خلاف آئندہ ہوم ٹی20 سیریز اور آنے والی ون ڈے ٹرائی سیریز کے لیے کپتانی کا حتمی فیصلہ کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق سری لنکا کے خلاف 3 میچوں پر مشتمل ٹی20 سیریز کے لیے اوپننگ بیٹر صاحبزادہ فرحان کو قومی ٹی20 ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا ہے، جبکہ ون ڈے ٹرائی سیریز میں شاہین شاہ آفریدی ہی ٹیم کے کپتان برقرار رہیں گے۔ایشین گیمز میں قومی ٹیم کی قیادت کرنے والے صاحبزادہ فرحان کو حالیہ کارکردگی کی بنیاد پر ٹی20 ٹیم کی باگ ڈور سونپی گئی ہے، جبکہ سلمان علی آغا سے ٹی20 ٹیم کی قیادت واپس لے لی گئی ہے۔پاکستان اور سری لنکا کے درمیان 3 ٹی20 میچز 9، 11 اور 13 اکتوبر کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔ قومی ٹیم کے ممکنہ اسکواڈ کے ارکان جلد اسلام آباد میں رپورٹ کریں گے جہاں سیریز سے قبل تمرینی کیمپ لگایا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق ٹیم میں چند سینئر کھلاڑیوں کی بھی واپسی کا امکان ہے۔سری لنکا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں کپتان صاحبزادہ فرحان، عبدالصمد، ابرار احمد، عرفات منہاس، فخر زمان، حسن نواز ، محمد عمران رندھاوا، معاذ صداقت، نسیم شاہ، رضا اللہ، صائم ایوب، محمد سلمان مرزا، شاداب خان، سفیان مقیم اور خواجہ نافع بطور وکٹ کیپر شامل کیےگئے ہیں۔
16 رکنی ون ڈے اسکواڈ کی قیادت شاہین شاہ آفریدی کریں گے۔ ابرار احمد، سلمان علی آغا، عرفات منہاس، بابر اعظم، فہیم اشرف، فخر زمان، محمد غازی غوری، حارث رؤف، حسن نواز، نسیم شاہ، رضا اللہ، سعد بیگ ،صائم ایوب، شاداب خان اور سفیان مقیم بھی 16 رکنی ون ڈے اسکواڈ میں شامل ہیں۔


