سیالکوٹ (سلیم احمد اعوان شیخو)
سیالکوٹ پولیس نے ڈکیتی اور راہزنی کی وارداتوں میں ملوث ’علی رضا عرف جوجو گینگ‘ کے سرغنہ سمیت 3 ملزمان کو گرفتار کر کے لاکھوں روپے کا مالِ مسروقہ اور ناجائز اسلحہ برآمد کر لیا۔تفصیلات کے مطابق جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے سلسلے میں، تھانہ پھلورہ کے ایس ایچ او سب انسپکٹر اعتزاز بشیر نے اپنی ٹیم (سب انسپکٹر طارق محمود اور اسسٹنٹ سب انسپکٹر اصغر علی) کے ہمراہ مخبری پر کارروائی کی۔ پولیس نے ڈکیتی و راہزنی کی متعدد وارداتوں میں ملوث جوجو گینگ کے تین ارکان کو گرفتار کر کے ان کے قبضہ سے 29 لاکھ 90 ہزار روپے مالیت کا سامان برآمد کر لیا۔برآمد شدہ سامان میں نقدی، 3 موٹر سائیکلیں، موبائل فونز اور واٹر پمپ شامل ہیں۔ ملزمان کے قبضہ سے وارداتوں میں استعمال ہونے والا ناجائز اسلحہ بھی برآمد کیا گیا، جس پر ان کے خلاف اسلحہ ایکٹ کے تحت 2 الگ مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔ابتدائی تفتیش کے دوران ڈکیتی اور چوری کے 11 مقدمات ٹریس ہوئے ہیں۔ گرفتار ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ برآمد شدہ مال اور نقدی قانونی کارروائی کی تکمیل کے بعد اصل مالکان کے حوالے کی جا رہی ہے۔


