پہلے مرحلے میں 100 کسانوں کو 10 فیصد سبسڈی ملے گی، سود کی شرح محض 1 سے 2 فیصد رکھی گئی ہے: کامل حیدر شاہ اور اسد شاہ
سکھر (رپورٹ: عبدالرحمان راجپوت)
سندھ بینک اور ضلع کونسل سکھر کے درمیان کسانوں کو آسان اقساط پر ٹریکٹرز کی فراہمی کا اہم معاہدہ طے پا گیا ہے۔ اس سلسلے میں منعقدہ تقریب میں چیئرمین ضلع کونسل سید کامل حیدر شاہ اور سندھ بینک کے وائس چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) سید اسد شاہ نے معاہدے پر دستخط کیے، جس کے بعد دونوں رہنماؤں نے مشترکہ پریس کانفرنس بھی کی۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وائس سی ای او سید اسد شاہ نے بتایا کہ سندھ حکومت نے چھوٹے کسانوں کی مالی معاونت اور زرعی شعبے کی ترقی کے لیے یہ پروگرام شروع کیا ہے۔ اس اسکیم کے تحت ضلع کونسل کسانوں کو ڈاؤن پیمنٹ (پہلی قسط) میں 10 فیصد امداد فراہم کرے گی، جبکہ شرح سود بھی صرف 1 سے 2 فیصد رکھی گئی ہے تاکہ کسانوں پر بوجھ نہ پڑے اور وہ آسانی سے اپنی اقساط ادا کر سکیں۔
ضلع کونسل سکھر کے چیئرمین سید کامل حیدر شاہ نے منصوبے کی تفصیلات دیتے ہوئے کہا کہ پہلے مرحلے میں 100 کسانوں کو ٹریکٹرز دیے جائیں گے۔ یہ سہولت 25 ایکڑ یا اس سے کم اراضی رکھنے والے چھوٹے کسانوں کے لیے مخصوص کی گئی ہے، جبکہ ایک ٹریکٹر کی قیمت 50 سے 55 لاکھ روپے کے درمیان ہوگی۔
سید کامل حیدر شاہ نے واضح کیا کہ اپوزیشن کی تنقید پرواہ کیے بغیر کسانوں کی فلاح کا کام جاری رہے گا اور صرف سندھ بینک سے منظور شدہ کسانوں کو ہی ٹریکٹرز فراہم کیے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر کسانوں کی جانب سے مانگ میں اضافہ ہوا تو دوسرے مرحلے میں ٹریکٹرز کی تعداد مزید بڑھا دی جائے گی۔

