اسلام آباد : سرکاری ٹی وی پی ٹی وی کے مطابق پنجاب میں پاک انڈین سرحد کے قریب قصور کے علاقے میں انڈین بارڈر سکیورٹی فورسز (بی ایس ایف) کی فائرنگ سے دو پاکستانی شہری ہلاک اور ایک زخمی ہو گیا ہے۔
سرکاری میڈیا نے جمعے کو سکیورٹی ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ یہ واقعہ قصور کی بین الاقوامی سرحد کے قریب لدھڑ گاؤں میں پیش آیا جہاں تین مقامی شہری بارڈر پلر سے کچھ ہی قدم آگے بڑھے تھے کہ انڈین فورسز نے انہیں کسی بھی وارننگ کے بغیر نشانہ بنایا۔
پی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ’ہلاک ہونے والے شہریوں میں عظمت رسول اور محسن جٹ شامل ہیں جن کا تعلق لدھڑ کی جٹاں والی حویلی سے بتایا جاتا ہے۔‘
دوسری جانب انڈین میڈیا نے اس واقعے کو ’دراندازی کی کوشش‘ کے طور پر رپورٹ کیا ہے جسے پاکستانی حکام نے بے بنیاد اور فالس فلیگ آپریشن کا تسلسل قرار دیا ہے۔
’سکیورٹی ذرائع کے مطابق تینوں افراد غیر مسلح تھے اور انہوں نے کسی بھی مرحلے پر سرحد پر لگی خاردار تار (فینس) عبور کرنے کی کوشش نہیں کی تھی۔ انڈین فورسز کی جانب سے نہتے شہریوں پر فائرنگ بارڈر معاہدوں اور طے شدہ طریقہ کار کی کھلی خلاف ورزی ہے۔‘

