مقتولین رتہ پور بالا کے رہائشی تھے؛ ڈی پی او چنیوٹ کا نوٹس، ملزمان کی گرفتاری کے لیے پولیس ٹیمیں تشکیل
لالیاں (بیورو چیف): دیرینہ دشمنی کے نتیجے میں مخالفین نے فائرنگ کر کے موٹر سائیکل سوار دو افراد کو قتل کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق سول کورٹ بھوانہ کے ملازم حیات بالا شام کے وقت اپنے کزن ظفر بالا کے ہمراہ موٹر سائیکل پر لالیاں سے اپنے گاؤں رتہ پور بالا جا رہے تھے۔ لالیاں کانڈیوال روڈ پر جودھی سلطان سٹاپ کے قریب کار سوار مخالفین نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔
فائرنگ کے نتیجے میں حیات بالا موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا، جبکہ ظفر بالا شدید زخمی ہو گیا۔ ظفر بالا کو تشویشناک حالت کے پیشِ نظر لالیاں سے چنیوٹ ہسپتال ریفر کیا گیا مگر وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ دونوں مقتولین کی لاشوں کو پوسٹمارٹم کے لیے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال لالیاں منتقل کر دیا گیا ہے۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ڈی پی او چنیوٹ ڈاکٹر نوید عاطف دیگر پولیس افسران کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے۔ پولیس تھانہ لالیاں نے مدعی عدنان حفیظ کی درخواست پر نبیل احمد، شیر سمند اور 3 نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر کے ملزمان کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں۔
ذرائع کے مطابق ملزم نبیل احمد کا والد اور شیر سمند کا بھائی 8 سال قبل قتل کر دیا گیا تھا، جس کے مقدمے میں دونوں مقتولین بھی شامل تھے۔ اگرچہ بعد میں فریقین کے درمیان صلح ہو گئی تھی، تاہم دیرینہ عناد کے باعث یہ واقعہ پیش آیا۔

