سیالکوٹ (سلیم احمد اعوان شیخو):
تھانہ صدر سیالکوٹ کے علاقہ چک سادہ میں کھیتوں سے 55 سالہ خاتون کی پراسرار حالت میں لاش برآمد ہوئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پولیس ریسکیو 15 کو اطلاع موصول ہوئی کہ چک سادہ کے کھیتوں میں ایک لاش موجود ہے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس ٹیم موقع پر پہنچی جہاں متوفیہ کی شناخت 55 سالہ رخسانہ بی بی زوجہ محمد اقبال کے نام سے ہوئی، جو گزشتہ رات سے پراسرار طور پر لاپتہ تھی۔
واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) سیالکوٹ کیپٹن (ر) دوست محمد کی ہدایت پر ڈی ایس پی صدر سرکل رانا ندیم طارق اور ایس ایچ او تھانہ صدر اویس، ہومیسائیڈ اور کرائم سین انویسٹی گیشن ٹیموں کی بھاری نفری کے ساتھ موقع پر پہنچ گئے۔
پولیس حکام نے جائے وقوعہ کا تفصیلی معائنہ کیا، جبکہ سائنسی بنیادوں پر شواہد اکٹھے کرنے کے لیے پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی (PFSA) کی ٹیم کو طلب کر لیا گیا ہے۔ پولیس نے لاش کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے گورنمنٹ علامہ اقبال میموریل ٹیچنگ ہسپتال منتقل کر دیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ تمام زاویوں سے واقعے کی تفتیش کی جا رہی ہے اور پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد موت کی اصل وجہ سامنے آ سکے گی۔


