مری :مری میں سائن روڈ مسیاڑی کے مقام پر نجی اسکول وین کھائی میں گرنے کے بعد آگ کی لپیٹ میں آگئی، جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار 11 بچے جھلس گئے۔
نجی ٹی وی چینل کے مطابق ڈی پی او مری کا کہنا ہے کہ 4 شدید جھلسے بچوں کو ہولی فیملی ہسپتال راولپنڈی منتقل کردیا گیا ہے، جبکہ 7 بچوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال مری منتقل کیا گیا ہے۔ دریں اثنا ریسکیو اور پولیس مشترکہ امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔
مری میں اسکول کے بچوں کو لے جانے والا کیری ڈبہ بے قابو ہو کر سڑک سے نیچے جا گرا، گرتے ہی آگ بھڑک اُٹھی، پورا ڈبہ جل گیا، 10 بچے زخمی ہو گئے، جنہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا۔۔!! pic.twitter.com/yhe23xLE76
— Khurram Iqbal (@khurram143) September 29, 2026
ڈی پی او مری رضا تنویر کے مطابق وین میں 2 نجی سکولوں کے بچے سوار تھے۔ متاثرہ بچوں میں 8 سالہ ارحم ولد علی نواز تقریباً 38 فیصد جھلسنے سے زخمی ہوا، جبکہ 8 سالہ حسن طالب ولد محمد طالب کو تقریباً 26 فیصد جھلسنے کے باعث گہرے زخم آئے ہیں اسی طرح عائشہ دختر کلیم تقریباً 42 فیصد جھلسنے کے زخموں سے شدید متاثر ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق باقی 8 بچے اس وقت مستحکم حالت میں ہیں۔ ان 8 بچوں میں سے 2 بچے جھلسنے سے محفوظ رہے، جبکہ باقی 6 بچوں کو 10 فیصد سے کم جھلسنے کے زخم آئے ہیں۔
امدادی کارروائی کے دوران گاڑی میں لگنے والی آگ پر قابو پالیا گیا ہے، جبکہ جائے حادثہ پر کولنگ کا عمل جاری ہے۔

