لندن (ویب ڈیسک): برطانوی رائل ایئر فورس (RAF) کا ایک جنگی طیارہ معمول کی تربیتی پرواز کے دوران حادثے کا شکار ہو کر گر کر تباہ ہو گیا۔
حکام کے مطابق طیارے نے اپنی باقاعدہ مشقوں کے لیے ایئر بیس سے پرواز بھری تھی، تاہم پرواز کے کچھ ہی دیر بعد فضائی حدود میں اچانک طیارے میں فنی خرابی پیدا ہوئی جس کے نتیجے میں طیارہ زمین بوس ہو گیا۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی فائر فائٹرز، ایمرجنسی سروسز اور سیکیورٹی اہلکار فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور پورے علاقے کو گھیرے میں لے کر امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔
رائل ایئر فورس کی جانب سے جاری کردہ ابتدائی بیان میں حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ واقعے کی اصل وجوہات کا تعین کرنے کے لیے اعلیٰ سطحی تحقیقاتی بورڈ تشکیل دے دیا گیا ہے۔ حکام نے یہ بھی واضح کیا کہ حادثے کے نتیجے میں آبادی کو ہونے والے کسی بھی ممکنہ نقصان سے متعلق فی الحال معلومات اکٹھی کی جا رہی ہیں۔

