نئی دہلی :بھارت کے شہر گریٹر نوئیڈا میں یمنا ایکسپریس وے پر 30 سے 35 مسافروں کو لے جانے والی سلیپر بس میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں ایک خاتون سمیت 9 افراد ہلاک ہوگئے۔ آگ نے چند ہی منٹ میں پوری بس کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، جبکہ دھویں کے باعث مسافروں میں بھگدڑ مچ گئی اور بعض افراد نے جان بچانے کے لیے چلتی بس سے چھلانگ لگا دی۔
حادثہ رات تقریباً ساڑھے 11 بجے پیش آیا۔ بس نئی دہلی سے اترپردیش کے مہوبا جا رہی تھی کہ نوئیڈا-آگرہ روٹ پر کلومیٹر نمبر 33 کے قریب آگ لگ گئی۔ اطلاع ملنے پر فائر بریگیڈ کا عملہ موقع پر پہنچا اور آگ پر قابو پالیا۔
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اجیت سنگھ کے مطابق بس میں آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی۔
9 people killed after a Delhi-Mahoba bus caught fire on the Yamuna Expressway near Jewar. Several passengers injured; police investigation underway.@noidapolice @noidafire pic.twitter.com/1uOqRLY9v3
— Advitya (@advityabahlTOI) September 24, 2026
حادثے کے بعد پولیس نے بس کے ڈرائیور پون اور کنڈکٹر یوگیش کو حراست میں لے لیا، جبکہ بس کا مالک مدھیہ پردیش کا رہائشی بتایا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بس میں آتشزدگی کے واقعے کا مقدمہ مسافر سنیل کمار کی شکایت پر درج کیا گیا۔ ایف آئی آر کے مطابق رات تقریباً ساڑھے 11 بجے بس جب نوئیڈا-آگرہ روٹ پر کلومیٹر 33 کے قریب پہنچی تو مسافروں کو ڈرائیور کیبن سے جلنے کی بو محسوس ہوئی۔
ایف آئی آر کے مطابق کچھ ہی دیر بعد ڈرائیور کی نشست کے قریب اچانک آگ کے شعلے بلند ہوئے۔ مسافروں نے شور مچاتے ہوئے ڈرائیور سے بس روکنے کا مطالبہ کیا، تاہم الزام ہے کہ ڈرائیور اور کنڈکٹر نے ابتدائی طور پر بس روکنے سے انکار کیا اور مسافروں کو دھمکایا۔اس دوران آگ تیزی سے پوری بس میں پھیل گئی اور مسافر حصے میں دھواں بھر گیا۔ آگ لگنے کے بعد ڈرائیور اور کنڈکٹر موقع سے فرار ہوگئے۔
موقع پر موجود افراد نے بس میں پھنسے مسافروں کو باہر نکالنے کی کوشش کی۔ آگ بجھانے کے لیے فائر ایکسٹنگوشر استعمال کرنے کی کوشش کی گئی، تاہم وہ کام نہ کرسکا۔ بس کے اندر سے لوگوں کی آوازیں آنے پر وہاں موجود افراد نے فائر ایکسٹنگوشر کی مدد سے کھڑکی کا شیشہ توڑ کر مسافروں کو نکالنے کی کوشش کی۔
اترپردیش کے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے گریٹر نوئیڈا میں پیش آنے والے حادثے کا نوٹس لیتے ہوئے ہلاک افراد کے اہل خانہ سے تعزیت کی اور زخمیوں کو مناسب طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔وزیراعلیٰ سیکریٹریٹ کے مطابق یوگی آدتیہ ناتھ نے متاثرہ خاندانوں سے رابطہ بھی کیا اور حکام کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
اترپردیش حکومت نے حادثے میں ہلاک ہونے والے افراد کے اہل خانہ کے لیے فی خاندان 2 لاکھ بھارتی روپے جبکہ زخمیوں کے لیے 50 ہزار بھارتی روپے مالی امداد کا اعلان کیا ہے۔

