سامارو (رپورٹ: بیوروچیف ڈاکٹر ایم لال واگھانی)

تفصیلات کے مطابق گرلز کالج کی نئی عمارت میں بعض کلاسز کو عارضی بنیادوں پر منتقل کیا گیا ہے، جہاں طالبات معمول کے مطابق تعلیم حاصل کر رہی تھیں۔ اسی دوران ایک کمرے کی چھت کا چھاپڑ اچانک نیچے آ گرا، جس کی زد میں آکر نائنتھ کلاس کی طالبہ زخمی ہوئی۔ واقعے کے فوراً بعد کالج میں بھگدڑ اور خوف و ہراس پھیل گیا۔
زخمی طالبہ کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں اسے طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ واقعے کے بعد طالبات اور ان کے والدین میں کالج کی عمارت کی تعمیر اور حفاظتی انتظامات کے حوالے سے شدید تشویش پائی جا رہی ہے۔
والدین اور شہریوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے کالج کی عمارت کا مکمل فنی و تعمیراتی معائنہ کرایا جائے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ عمارت طالبات کے لیے مکمل طور پر محفوظ ہے۔ شہریوں کا مزید کہنا تھا کہ تعلیمی اداروں میں طلبہ و طالبات کی زندگیوں کے تحفظ کو اولین ترجیح دی جانی چاہیے اور واقعے کی شفاف تحقیقات کرکے غفلت کے ذمہ دار افراد کا تعین کیا جائے۔

