تلمبہ (رانا فیصل سے
)
علاقے پرانا کارخانہ میں چند روز قبل خوفناک شارٹ سرکٹ کے باعث بجلی کی تاریں اور میٹر جل کر راکھ ہو گئے، جس کے بعد سے پورے علاقے کا بجلی کا نظام شدید درہم برہم ہو چکا ہے۔
شدید گرمی اور حبس کے اس موسم میں بجلی کی طویل معطلی کے باعث علاقے میں پانی کی شدید قلت پیدا ہو چکی ہے، جس سے روزمرہ کے گھریلو معمولات زندگی شدید متاثر ہو رہے ہیں اور شہریوں کو پینے کے صاف پانی کے حصول کے لیے بھی سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
علاقہ مکینوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے بتایا کہ اس حادثے کے فوراً بعد متعلقہ واپڈا (میپکو) اہلکاروں اور اعلیٰ حکام کو بارہا اطلاع دی گئی اور صورتحال کی سنگینی سے آگاہ کیا گیا، لیکن کئی روز گزر جانے کے باوجود اب تک بحالی کے لیے کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا گیا۔ متعلقہ عملے کی اس بے حسی پر شہریوں میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔
اہلِ علاقہ نے اعلیٰ حکام اور میپکو کے ذمہ دار افسران سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ صورتحال کا ہنگامی بنیادوں پر نوٹس لیا جائے، جلی ہوئی تاروں اور میٹرز کی فوری مرمت و تبدیلی کے احکامات جاری کیے جائیں اور بجلی کی فراہمی بحال کر کے شہریوں کو اس شدید اذیت سے نجات دلائی جائے۔


