سیالکوٹ (سلیم احمد اعوان شیخو): پاکستان اور کینیا کے درمیان دوطرفہ تجارتی تعلقات کے فروغ اور کاروباری روابط کو مضبوط بنانے کے لیے مسلسل رابطہ کاری کا قیام ناگزیر ہے۔
ان خیالات کا اظہار پاکستان میں کینیا کے ہائی کمشنر لیفٹیننٹ جنرل (ر) پیٹر مبوگو نجیرو (Lt. General R. Peter Mbogo Njiru) نے سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (SCCI) کے دورے کے موقع پر بزنس کمیونٹی کے ایک اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
کینین ہائی کمشنر کی اپنی ٹیم کے ہمراہ سیالکوٹ چیمبر آمد پر صدر چیمبر سید احتشام مظہر گیلانی، سینئر نائب صدر میاں مراد ارشد، نائب صدر سلیمان شیخ، ملک نصیر احمد اور ایگزیکٹو باڈی کے دیگر اراکین نے ان کا شاندار استقبال کیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ہائی کمشنر نے کہا کہ پاکستانی تاجر اسپورٹس گڈز، فارماسیوٹیکل، ٹیکسٹائل، ٹورزم اور سرجیکل انسٹرومنٹس کے شعبوں میں کینیا کے راستے جنوبی افریقہ کے دیگر ممالک تک اپنی برآمدات کو آسانی سے وسعت دے سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت کے وسیع مواقع موجود ہیں، جن سے فائدہ اٹھانے کے لیے تجارتی اداروں اور تاجروں کے مابین وفود کا تبادلہ اور باقاعدہ بات چیت انتہائی ضروری ہے۔
اس موقع پر سیالکوٹ چیمبر کے عہدیداران نے ہائی کمشنر کو سیالکوٹ کی صنعتی اہمیت، بالخصوص اسپورٹس گڈز، سرجیکل آلات اور لیدر پراڈکٹس کی عالمی برآمدات میں کردار سے تفصیلاً آگاہ کیا۔ انہوں نے باہمی تجارتی شراکت داری کو نئی بلندیوں پر لے جانے کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔
تقریب کے اختتام پر یادگاری سووینئرز کا تبادلہ کیا گیا اور تجارتی تعاون کو مزید آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

