- محفوظ معاشرے کی تشکیل کے لیے طلباء اور اساتذہ کا کردار اہم ہے، ڈی پی او سیالکوٹ کیپٹن (ر) دوست محمد
سیالکوٹ (سلیم احمد اعوان شیخو)
آر پی او گوجرانوالہ خرم شہزاد حیدر وڑائچ کی ہدایت پر جاری "ہفتہ برائے آگاہی و تحفظِ خواتین و بچوں” کے سلسلے میں ایگزیکٹو انٹرنیشنل سکول میں ایک سیمینار منعقد ہوا۔ سیمینار کی سربراہی ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) سیالکوٹ کیپٹن (ر) دوست محمد نے کی۔
ڈی پی او دوست محمد نے طلباء اور خواتین اساتذہ سے خطاب کرتے ہوئے ذاتی تحفظ، ہراسگی سے بچاؤ اور محفوظ معاشرے کی تشکیل میں ان کے کردار پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے طلباء کو نامناسب رویوں کی پہچان، گڈ ٹچ اور بیڈ ٹچ میں فرق، تشدد و استحصال سے بچاؤ اور سوشل میڈیا و جدید گیجٹس کے ذمہ دارانہ استعمال کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے تاکید کی کہ کسی بھی نامناسب رویے یا خطرے کی صورت میں خاموش رہنے کے بجائے فوری طور پر والدین، اساتذہ یا پولیس سے مدد حاصل کی جائے۔
ڈی پی او کا کہنا تھا کہ خواتین اور بچوں کا تحفظ سیالکوٹ پولیس کی اولین ترجیح ہے، اور تعلیمی اداروں و والدین کے تعاون سے ایک ایسا ماحول فراہم کیا جا رہا ہے جہاں ہر شہری بلا خوف و خطر اپنی سرگرمیاں جاری رکھ سکے۔
سیمینار میں پبلک ریلیشنز آفیسر انسپکٹر خرم شہزاد اور انچارج ویمن پولیس اسٹیشن سب انسپکٹر سعدیہ نایاب نے بھی طلباء سے گفتگو کی اور سیف سٹی کے اقدامات، پینک بٹن اور ویمن سیفٹی ایپ کے ذریعے مدد حاصل کرنے کے طریقہ کار سے آگاہ کیا۔
واضح رہے کہ ڈی پی او کی ہدایات پر ضلع بھر میں ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز مختلف سکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں میں آگاہی سیمینارز اور لیکچرز کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔







