پاک فوج کے ترجمان اور آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹرجرنل لیفٹنٹ جنرل احمد شریف نے کہا ہے کہ پاکستان سعودی عرب پر حملے کی صورت میں اس کے دفاع کے لیے ’کسی بھی حد تک‘ جانے کو تیار ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل اور ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے جمعرات کے روز عرب نیوز کو دیے گئے ایک خصوصی انٹرویو میں کہا کہ ’پاکستان سفارتی اور عملی طور پر مکمل طور پر سعودی عرب کے ساتھ کھڑا ہے۔‘
انہوں نے اس حوالے سے مزید کہا کہ میں یہاں ’عملی طور پر‘ کے لفظ پر زور دینا چاہوں گا۔۔۔ ہم کسی بھی حد تک جائیں گے۔‘
احمد شریف چودھری نے کہا کہ پاکستان کا عزم سعودی عرب اور اسلام کے دو مقدس ترین مقامات، مکہ اور مدینہ کے تحفظ تک پھیلا ہوا ہے۔
پاکستانی فوج کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ’اس بارے میں کوئی شک نہیں ہونا چاہیے۔ مختصرا یہ کہ ہم سعودی عرب کے ساتھ ہیں اور سعودی عرب کے خلاف کسی بھی جارحیت کی صورت میں اس کا دفاع کرتے رہیں گے۔‘
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری کا کہنا تھا کہ ’سعودی سلامتی کے حوالے سے ہمارا عزم غیر مشروط ہے، کیونکہ پاکستان اور سعودی عرب کے عوام، دونوں ممالک کی سیاسی اور فوجی قیادت کے درمیان گہرے، تاریخی اور مضبوط تعلقات قائم ہیں۔‘
ترجمان نے ’اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کو ایک ’متفقہ دستاویز‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے خیال میں موجودہ پیچیدہ فوجی صورتِ حال سے نکلنے کے لیے یہی واحد حقیقی راستہ فراہم کرتی ہے۔
جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا پاکستان کو امید ہے کہ وہ جلد امریکا اور ایران کو دوبارہ مذاکرات کی میز پر لے آئے گا، تو انہوں نے اس حوالے سےکوئی مخصوص مُدت نہیں بتائی۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا کہ ’پاکستان بداعتمادی، مذاکرات کو نقصان پہنچانے اور رُکاوٹیں پیدا کرنے والے عناصر کے باوجود فریقین کو بات چیت کے ذریعے کسی مشترکہ حل تک لانے کوشش کر رہا ہے۔‘
سعودی عرب کا دفاع کرنے کیلئے کسی بھی حد تک جائیں گے !!ڈی جی آئی ایس پی آر کا واضح پیغام

