لاہور:پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد رضوان نے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) میں اپنی طلبی کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا۔
نجی ٹی وی چینل کے مطابق کرکٹر محمد رضوان اور امام الحق کی این سی سی آئی اے میں پیشی کا معاملہ چل رہا ہے ۔ایسے میں محمد رضوان نے لاہور ہائی کورٹ میں این سی سی آئی اے کی طلبی کو چیلنج کر دیا۔
محمد رضوان نے درخواست میں این سی سی آئی اے کے دائرہ اختیار اور تحقیقات کی نوعیت پر سوالات اٹھائے ہیں۔ رضوان نے درخواست میں مؤقف اپنایا کہ این سی سی آئی اے طلب کرنے سے متعلق کوئی مخصوص الزام نہیں بتایا گیا، این سی سی آئی اے کے نوٹس کے مطابق انکوائری آن لائن بیٹنگ اور جوا کی جاری ہے۔
محمد رضوان کے مطابق پیشی پر واضح نہیں کیا کہ میں کون سی آن لائن سٹے بازی یا جوئے میں ملوث تھا۔ پیشی کے دوران بار بار غیر قانونی سرگرمیوں پر عائد الزامات کی تفصیلات پوچھتا رہا، پیشی پر میرے کسی سوال کا جواب نہیں دیا گیا۔
محمد رضوان نے درخواست میں مؤقف اپنایا کہ این سی سی آئی اے کسی نامعلوم الزام کی تحقیقات کیوں کررہا ہے؟واضح رہے کہ این سی سی آئی اے نے محمد رضوان اور امام الحق کو سوال نامہ دیا تھا۔ دونوں کھلاڑیوں نے 15 ستمبر تک سوالنامے کے جوابات جمع کرانے تھے۔ امام الحق نے سوالنامے کے جوابات جمع کروا دیے۔
خیال رہے کہ محمد رضوان اور امام الحق کو دورہ انگلینڈ سے وطن واپس بلا لیا گیا تھا جس کے بعد دونوں کے خلاف تحقیقات شروع کی گئیں۔
کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد رضوان نے NCCIA طلبی کو عدالت میں چیلنج کردیا

