راولپنڈی:لبنان کے وزیرِ داخلہ و بلدیات احمد الحجار نے چیف آف آرمی اسٹاف اینڈ چیف آف ڈیفنس فورسز (COAS & CDF) فیلڈ مارشل سید عاصم منیر (نشانِ امتیاز ملٹری، ہلالِ جرات) سے اہم ملاقات کی ہے۔
ملاقات کے دوران دونوں معزز شخصیات نے باہمی دلچسپی کے امور، خطے کی تیزی سے بدلتی ہوئی سیکیورٹی صورتحال اور سیکیورٹی کے شعبے میں دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر دونوں برادر ممالک کے سیکیورٹی اداروں کے درمیان ادارہ جاتی تعلقات کو مضبوط بنانے اور باہمی تعاون کو نئی بلندیوں تک لے جانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے لبنان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا اور مشترکہ مفادات کے شعبوں میں باہمی تعاون کو وسعت دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔
لبنانی وزیرِ داخلہ نے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی گراں قدر خدمات کو سراہا، اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کے غیر معمولی پیشہ ورانہ کردار اور لازوال قربانیوں کا کھل کر اعتراف کیا۔
لبنانی وزیرِ داخلہ احمد الحجار کی فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات، دفاعی اور سیکیورٹی امور پر تبادلہ خیال

