سیالکوٹ۔سلیم حمد اعوان شیخو
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر میونسپل سروسز سیالکوٹ میاں سرمد حسین نے وزیراعلیٰ پنجاب زرعی گریجویٹ انٹرن شپ پروگرام کے تحت ضلع سیالکوٹ میں بھرتی ہونے والے 17 زرعی گریجویٹس کو آفر لیٹرز دیئے۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع سجاد حیدر بھی موجود تھے۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر میاں سرمد حسین نے انٹرنز کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی ذمہ داریاں دلجمعی اور محنت سے انجام دیں اور انٹرن شپ کے اس موقع سے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنی تعلیمی قابلیت کو عملی تجربے میں تبدیل کریں۔
پروگرام کا بنیادی مقصد زرعی گریجویٹس کی صلاحیتوں سے استفادہ کرتے ہوئے کسانوں کو ان کی دہلیز پر جدید زرعی سہولیات اور رہنمائی فراہم کرنا ہے، جس کا براہِ راست فائدہ عام کسان کو پہنچے گا۔
ڈپٹی ڈائریکٹر سجاد حیدر نے کہا کہ پروگرام کے تحت منتخب انٹرنز کو 70 ہزار روپے ماہانہ وظیفہ دیا جائے گا، جبکہ ان کی خدمات کے لئے ضلع سیالکوٹ میں 36 زرعی سرکلز قائم کئے گئے ہیں جہاں انہیں تعینات کیا جائے گا۔
زرعی گریجویٹس کسانوں کو جدید زرعی طریقوں، بہتر پیداوار اور فصلوں سے متعلق جدید رہنمائی فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔ یہ اقدام کسانوں کی مشکلات کم کرنے، جدید زرعی طریقوں کے فروغ اور پنجاب کے زرعی شعبے کو مزید مضبوط بنانے کی جانب اہم پیش رفت ہے۔

