چکوال( جلیل نقوی سے )
ڈپٹی کمشنر سارہ حیات کے زیرِ صدارت ڈسٹرکٹ ویلفیئر اینڈ ری ہیبیلیٹیشن یونٹ کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر وسیم عباس بلوچ، سی ای او ایجوکیشن محمد صفدر ملک، ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز، محکمہ سپیشل ایجوکیشن، لوکل گورنمنٹ، ڈسٹرکٹ سپورٹس، لیبر، این جی اوز اور معذور افراد کے نمائندگان نے شرکت کی۔ اجلاس میں میں افرادِ باہم معذوری کو درپیش مسائل، ان کی فلاح و بہبود، بحالی اور معاون آلات کی فراہمی سمیت دیگر متعلقہ امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں "مریم کو بتائیں” پلیٹ فارم کے تحت معاون آلات کی فراہمی سے متعلق 12 کیسز کی منظوری دی گئی۔ منظور شدہ کیسز کے تحت افرادِ باہم معذوری کو جلد از جلد ضروری معاون آلات فراہم کیے جائیں گے، تاکہ انہیں نقل و حرکت، خودمختاری اور روزمرہ زندگی کے معمولات میں مزید سہولت میسر آ سکے۔ اجلاس میں افرادِ باہم معذوری کے لیے مختص کوٹہ اور پبلک ٹرانسپورٹ میں کرایوں میں رعایت کے مقررہ قوانین پر عملدرآمد سے متعلق امور پر بھی تفصیلی غور کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر سارہ حیات نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ معذور افراد کے لیے مختص کوٹہ اور سفری سہولیات کے حوالے سے حکومتی پالیسی اور قواعد و ضوابط پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنایا جائے تاکہ انہیں ان کے قانونی و بنیادی حقوق سے بھرپور استفادہ حاصل ہو سکے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ افرادِ باہم معذوری کو معاشرے کا بااختیار اور فعال حصہ بنانے کے لیے انہیں سہولیات کی فراہمی اور درپیش مسائل کا بروقت ازالہ حکومت پنجاب اور ضلعی انتظامیہ کی ترجیحات میں شامل ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ خصوصی افراد سے متعلق امور پر باہمی رابطے کے ذریعے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔


