لاہور:پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نواز شریف سے سرگودھا سے تعلق رکھنے والے ارکانِ صوبائی اسمبلی نے ایک اہم ملاقات کی، جس میں علاقے کے ترقیاتی منصوبوں، عوامی فلاحی اسکیموں اور جاری پراجیکٹس کی رفتار کو تیز کرنے کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں صوبائی وزیر صہیب احمد ملک، منصور اعظم، میاں سلطان رانجھا، اکرام الحق، صفدر حسین ساہی، رانا منور حسین، تیمور علی خان اور سردار عاصم شیر میکن شامل تھے۔
ملاقات کے دوران ارکانِ اسمبلی نے سرگودھا میں ریکارڈ مدت میں مکمل ہونے والے ‘نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی’ کے قیام پر وزیراعلیٰ کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے سرگودھا میں الیکٹروبس کے کامیاب آغاز پر بھی خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے بتایا کہ بھلوال، بھیرہ، سلانوالی، یونیورسٹی، ڈی ایچ کیو، شاہین آباد، کوٹ مومن اور تحصیل ساہیوال میں چلنے والی ان الیکٹروبسوں سے روزانہ ہزاروں لوگ انتہائی آرام دہ اور سستا سفر کر رہے ہیں۔ عوامی سطح پر اس فلاحی اقدام کو بے حد سراہا جا رہا ہے۔ ارکان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کے فلاحی پراجیکٹس کی گونج اب پاکستان ہی نہیں بلکہ بیرون ملک بھی سنائی دے رہی ہے۔
سرگودھا کے عوام کی سفری مشکلات کو مزید کم کرنے کے لیے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اس ملاقات کے دوران سرگودھا کے لیے مزید 7 نئی الیکٹروبسیں مہیا کرنے کا فوری اعلان کیا۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ الیکٹروبسوں پر عوام بالخصوص خواتین اور بچوں کو محفوظ اور آرام دہ سفر کرتے دیکھ کر دلی اطمینان ہوتا ہے۔
ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ نے ارکانِ اسمبلی کو ہدایت کی کہ وہ ‘مثالی گاؤں ستھرا پنجاب’ پروگرام اور ‘صاف پانی پراجیکٹ’ کے تمام امور کی ذاتی طور پر کڑی مانیٹرنگ کریں۔ انہوں نے واضح کیا کہ سرگودھا سمیت پنجاب کے ہر شہر کو ترقی کی راہ پر گامزن کر دیا گیا ہے اور عوام کی بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ مریم نواز شریف نے عزم دہرایا کہ پنجاب کے ہر ہر حصے میں بلاتفریق اور بغیر کسی امتیاز کے ترقی دینا ہی نواز شریف کا اصل ویژن ہے۔

