لاہور:پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے صوبے کے سرکاری ترسیل اور ابلاغ کے مرکزی ادارے ‘ڈائریکٹوریٹ جنرل آف پبلک ریلیشنز’ (ڈی جی پی آر) کے نظام کو جدید خط استوار کرنے کے لیے ایک اہم اور فیصلہ کن قدم اٹھاتے ہوئے فوری طور پر ادارے کی ری اسٹرکچرنگ کا حکم دے دیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی وزیراعلیٰ نے ڈی جی پی آر ہیڈ کوارٹر کی نئی عمارت (بلڈنگ) کی بھی باضابطہ منظوری دے دی ہے تاکہ دفتری امور اور میڈیا مینجمنٹ کو بہتر بنایا جا سکے۔
یہ احکامات وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت منعقدہ ایک خصوصی اجلاس کے دوران جاری کیے گئے، جہاں صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عظمیٰ زاہد بخاری نے محکمہ کی کارکردگی اور مستقبل کے منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ پیش کی۔ اجلاس کے دوران میڈیا ہاؤسز اور اخبارات کے بقایاجات کی ادائیگی کے لیے فوری اور ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ عوام تک درست اور بروقت اطلاعات کی رسائی کو یقینی بنانے کے لیے دور حاضر کے تمام تقاضے پورے کرنا انتہائی ضروری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کمیونیکیشن اب صرف ایک روایتی آرٹ سے بڑھ کر ایک باقاعدہ سائنس کی شکل اختیار کر چکی ہے جسے سمجھنا اور اس پر عمل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ڈی جی پی آر کو جدید تقاضوں کے عین مطابق ڈھالنا چاہتے ہیں تاکہ سرکاری کارکردگی کو بہتر انداز میں عوام تک پہنچایا جا سکے۔
مریم نواز شریف نے زور دیا کہ موجودہ دور اطلاعات کی فراوانی اور سوشل میڈیا کے طوفان کا دور ہے، جہاں سچ اور جھوٹ کی پرکھ کرنا عام آدمی کے لیے مشکل ہو چکا ہے۔ اس صورتحال سے نمٹنے کے لیے ضروری ہے کہ عوام کو حکومت کے فلاحی اقدامات اور عوامی فلاحی اسکیموں سے مسلسل اور بر وقت آگاہ رکھا جائے۔ اجلاس کے آخر میں وزیراعلیٰ نے صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کمیونیکیشن کے شعبے میں انتہائی قلیل مدت میں ایک قابلِ تقلید مثال قائم کی ہے۔
مریم نواز کا بڑا فیصلہ، محکمہ تعلقات عامہ DGPR کی تنظیم نو ، میڈیا بقایا جات فوری ادا کرنیکا حکم

