تہران :ایرانی فوج نے بحرین، کویت اور متحدہ عرب امارات میں امریکی فوجی تنصیبات پر میزائل اور ڈرون حملے کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
ایران کی نیوز ایجنسی ’تسنیم‘ کے مطابق ایرانی فوج نے جمعرات کی صبح ’’صاعقہ‘‘ کارروائی کی 31ویں لہر میں دونوں ممالک میں موجود امریکی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا۔ ایرانی فوج نے ان حملوں کو جنوبی ایران میں امریکی حملوں کے جواب میں جوابی کارروائی قرار دیا۔
ایرانی فوج کے بیان کے مطابق کویت کے احمد الجابر فضائی اڈے پر میزائل اور ڈرون حملے کیے گئے، جن میں امریکی مواصلاتی نظام اور لڑاکا طیاروں کے ہینگرز کو نشانہ بنایا گیا۔
ایرانی فوج نے دعویٰ کیا کہ حملوں سے مواصلاتی نظام اور طیاروں کے ہینگرز کو نقصان پہنچا۔
’تسنیم‘ نیوز کے مطابق ایرانی فوج نے متحدہ عرب امارات کے المنہاد فضائی اڈے پر بھی میزائل اور ڈرون حملے کیے۔ بیان میں کہا گیا کہ اس کارروائی میں فوجی دستوں کی تعیناتی کے مقامات اور ریڈار نظام کو نشانہ بنایا گیا۔
ایرانی فوج نے احمد الجابر فضائی اڈے کو مغربی ایشیا میں امریکی افواج کے لیے اہم رسدی اور معاونتی مرکز قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ اڈا خطے میں امریکی فضائی کارروائیوں اور نگرانی کی سرگرمیوں میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔
ایرانی بیان کے مطابق المنہاد فضائی اڈا غیر ملکی افواج کی فضائی معاونت اور نقل و حمل کے لیے اہم مرکز ہے۔
’تسنیم‘ نیوز کے مطابق ایرانی فوج کا یہ بیان جنوبی ایران کے شہروں پر امریکی حملوں کی نئی لہر کے بعد سامنے آیا۔ ایرانی وزارت صحت کے مطابق ان حملوں میں کم از کم 18 افراد ہلاک اور 142 زخمی ہوئے۔
ایرانی حکام کے مطابق ہرمزگان کے ضلع سیریک کے شہر کوہستک میں شادی کی تقریب کے دوران ایک رہائشی مکان پر بھی امریکی حملہ ہوا، جس میں 5 شہری ہلاک ہوئے جن میں 4 سالہ بچہ بھی شامل تھا، جب کہ 70 سے زائد افراد زخمی ہوئے۔
ایرانی فوج نے خبردار کیا ہے کہ امریکی افواج کی جانب سے کسی بھی حملے کا جواب شدید کارروائی سے دیا جائے گا۔
ایران کے بحرین ،کویت اور امارات میں قائم امریکی اڈوں پر میزائل ڈرون حملے، فوجی تنصیبات، طیارے تباہ

