میاں چنوں بیقاب نیوز رپورٹر ۔عاصم کمال
ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب سہیل ظفر چٹھہ کی ہدایات پر بدعنوان عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ ریجنل ڈائریکٹر اینٹی کرپشن ملتان بشارت نبی کی نگرانی میں ڈپٹی ڈائریکٹر تحقیقات اینٹی کرپشن خانیوال غفار علی نے کارروائی کرتے ہوئے تھانہ سٹی میاں چنوں میں درج مقدمہ نمبر 515 مورخہ 23 اگست 2021 میں مطلوب مفرور ملزم امجد خان اسٹامپ فروش کو گرفتار کیا۔
اینٹی کرپشن حکام کے مطابق مقدمہ میں تعزیراتِ پاکستان کی دفعات 420، 468 اور 471 کے تحت کارروائی کی گئی۔ الزام ہے کہ ملزمان نے مبینہ ملی بھگت سے ناصرہ رفیق بیوہ مرزا محمد رفیق کے مرحوم شوہر کے جعلی دستخط کرکے جعلی اقرار نامہ اسٹامپ پیپر پر تیار کیا، جس کا مقصد سائلہ کو اس کی جائیداد سے محروم کرنا تھا۔
حکام کے مطابق دورانِ تفتیش ملزم کو قصوروار قرار دیا گیا تھا اور اس کے خلاف جوڈیشل ایکشن منظور کیا جاچکا تھا، جس کے بعد مفرور ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔
اینٹی کرپشن حکام کا کہنا ہے کہ بدعنوانی کے خاتمے، عوامی شکایات کے مؤثر ازالے اور شفاف طرز حکمرانی کے فروغ کے لیے بلاامتیاز قانونی کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔ عوام سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ بدعنوانی سے متعلق شکایات محکمہ اینٹی کرپشن کو فراہم کریں تاکہ ذمہ دار عناصر کے خلاف بروقت قانونی کارروائی عمل میں لائی جاسکے۔


