لاہور:مسلم لیگ ن کی مرکزی قیادت نے بیرسٹر افتخار گیلانی کو آزاد کشمیر کا نیا وزیراعظم نامزد کر دیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آزاد کشمیر کے مرکزی پارٹی رہنماؤں نے بیرسٹر افتخار گیلانی کو وزیراعظم نامزد کرنے کے فیصلے کی مخالفت کی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت آزاد کشمیر کی وزارتِ عظمیٰ کے لیے اسلام آباد میں منعقدہ مشاورتی اجلاس میں بیرسٹر افتخار گیلانی کو آزاد کشمیر کا نیا وزیراعظم نامزد کرنے کا فیصلہ ہوا ہے۔
اجلاس میں آزاد کشمیر میں نئی حکومت کی تشکیل، آئندہ کے سیاسی امور، مسلم لیگ (ن) کی حکمت عملی اور پارلیمانی معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے آزاد کشمیر کی وزارتِ عظمیٰ کے امیدوار کے انتخاب کے لیے شاہ غلام قادر اور سابق وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر کو اسلام آباد طلب کیا تھا۔
اجلاس میں نومنتخب اسپیکر چوہدری طارق فاروق، ڈپٹی اسپیکر احمد رضا قادری اور رکن اسمبلی بیرسٹر افتخار گیلانی کو بھی شرکت کی دعوت دی گئی تھی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں شاہ غلام قادر اور راجہ فاروق حیدر نے بیرسٹر افتخار گیلانی کو وزارتِ عظمیٰ کا منصب دینے کے فیصلے سے اختلاف کیا۔ دونوں رہنماؤں نے مزید مشاورت کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور وہ کل تک اپنی مشاورت سے مرکزی قیادت کو آگاہ کریں گے۔آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی میں نئے وزیراعظم کا انتخاب 28 اگست کو ہوگا۔
بیرسٹر افتخار گیلانی آزاد کشمیر کے حالیہ عام انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ پر کامیاب ہوئے ہیں۔ وہ مسلم لیگ (ن) کی سابقہ صوبائی کابینہ اور راجہ فاروق حیدر کی وزارتِ عظمیٰ کے دور میں وزیرِ تعلیم بھی رہ چکے ہیں۔

