نوشہروفیروز ( رپورٹ ڈسٹرکٹ رپورٹر رجب علی سمون )
نوشہروفیروز: ہر سال کی طرح اس سال بھی 12 ربیع الاول کے بابرکت موقع پر نوشہروفیروز میں عید میلاد النبی ﷺ کی تقریبات بڑے جوش، عقیدت اور احترام کے ساتھ منائی گئیں۔شہر کے مختلف علاقوں سے صبح سویرے ہی عاشقانِ رسول ﷺ کی ریلیاں نکالی گئیں، جن میں بڑی تعداد میں شہریوں، مدارس کے طلبہ اور علمائے کرام نے شرکت کی۔ مختلف ریلیاں شہر کی مختلف سڑکوں اور مرکزی بازاروں سے گزرتی ہوئی اللہ والی چوک پہنچیں، جہاں مرکزی اجتماع منعقد کیا گیا۔
مرکزی اجتماع میں نعت خوانی، درود و سلام اور علمائے کرام کے خطابات کا اہتمام کیا گیا۔ شرکاء نے ہاتھوں میں جھنڈے اور بینرز اٹھا رکھے تھے، جبکہ ”لبیک یا رسول اللہ ﷺ“ کے نعرے بھی بلند کیے گئے۔
ریلیوں کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کے لیے انتظامیہ کی جانب سے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے، تاکہ عید میلاد النبی ﷺ کی تقریبات پُرامن ماحول میں منعقد ہو سکیں۔
شہریوں کا کہنا تھا کہ 12 ربیع الاول کا دن مسلمانوں کے لیے بڑی روحانی اور مذہبی اہمیت رکھتا ہے، جبکہ عید میلاد النبی ﷺ کی ایسی تقریبات عشقِ رسول ﷺ اور عقیدت کے اظہار کا ذریعہ ہیں۔

