ملتان وہاڑی دو رویہ روڈ اور گلگشت برانڈ روڈ کی تعمیر و بحالی پر اراکینِ اسمبلی کا خراجِ تحسین، قلعہ کہنہ قاسم باغ کے لیے اربوں روپے کے پراجیکٹس منظور
لاہور:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے ملتان سے تعلق رکھنے والے اراکینِ صوبائی اسمبلی محمد سلمان، نازک کریم اور ملک لعل محمد نے ملاقات کی ہے۔ اس ملاقات کے دوران صوبے کی مجموعی سیاسی صورتحال، حلقے کے ترقیاتی امور اور عوام کو درپیش مسائل کے حل پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
ملاقات میں شریک ارکانِ اسمبلی نے ملتان وہاڑی دو رویہ روڈ کی تعمیر اور گلگشت برانڈ روڈ کی بحالی جیسے بڑے منصوبوں پر وزیراعلیٰ کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت جاری کاموں کو سراہا۔
ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ملتان شہر کے شہریوں کے لیے جلد الیکٹروبس سروس شروع کرنے کا بڑا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاریخی شہر ملتان میں ایک بہترین سیاحتی حب بننے کا مکمل پوٹینشل موجود ہے، اور تمام ترقیاتی منصوبوں کا بنیادی مقصد شہریوں کو محفوظ سفری سہولتیں فراہم کرنا اور ٹریفک کے نظام کو بہتر بنانا ہے۔
وزیراعلیٰ نے بتایا کہ قلعہ کہنہ قاسم باغ سمیت ملتان کے دیگر تاریخی مقامات کی بحالی اور خوبصورتی کے لیے حکومت نے اربوں روپے کے منصوبے شروع کر رکھے ہیں تاکہ اسلاف کے ورثے کو محفوظ بنایا جا سکے۔
مریم نواز شریف نے اراکینِ اسمبلی کو ہدایت کی کہ وہ ملتان کے شہری اور دیہی علاقوں میں بھرپور شجرکاری مہم چلائیں تاکہ ماحولیاتی آلودگی پر قابو پایا جا سکے۔ اس کے علاوہ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ تمام ترقیاتی پراجیکٹس کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے اور اراکین خود ان کی باقاعدہ مانیٹرنگ کریں۔
اس موقع پر ارکانِ اسمبلی کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر کے حالیہ انتخابات کے نتائج نے ایک بار پھر ثابت کر دیا ہے کہ مسلم لیگ (ن) ہی پورے ملک کی سب سے زیادہ مقبول اور حقیقی عوامی سیاسی جماعت ہے۔

