ملتان (ڈویژن بیورو چیف ملک جابر عباس سے)
لودھراں پولیس کی جانب سے خواتین کو درپیش مسائل کے فوری ازالے اور بروقت رہنمائی کیلئے لیڈیز پولیس افسران کو اہم ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں۔ترجمان پولیس کے مطابق لیڈی سب انسپکٹر طاہرہ کو ایڈیشنل ایس ایچ او تھانہ صدر کہروڑپکا جبکہ لیڈی سب انسپکٹر حرا ذوالفقار کو ایڈیشنل ایس ایچ او تھانہ صدر تعینات کیا گیا ہے۔ لیڈی سب انسپکٹر حرا ذوالفقار تھانہ سرکل دنیاپور میں بھی خواتین کی رہنمائی کریں گی۔پولیس ترجمان کے مطابق لیڈیز پولیس افسران روزانہ شام 4 بجے سے 6 بجے تک تھانوں میں صرف خواتین کے مسائل سنیں گی اور انہیں ضروری قانونی و پولیس رہنمائی فراہم کریں گی۔خواتین کسی بھی مسئلے کی صورت میں مقررہ اوقات کے دوران لیڈیز پولیس افسران سے براہِ راست رابطہ کرکے اپنی شکایات اور مسائل سے آگاہ کر سکتی ہیں۔ڈی پی او بینش فاطمہ کا کہنا ہے کہ خواتین کو درپیش مسائل کے فوری اور مؤثر ازالے کیلئے لیڈیز پولیس افسران کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے، تاکہ خواتین کو بہتر اور بروقت پولیس سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

