تل ابیب+غربی کنارہ غزہ+واشنگٹن:امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے نمائندے جیرڈ کُشنر نے کہا ہے کہ حماس کو غیر مسلح کرنے اور غزہ امن منصوبے کی طرف بڑھنے پر پیشرفت ایک مہینے کے اندر ہو سکتی ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ بیان ان کی اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کے ساتھ ملاقات کے بعد سامنے آیا ہے۔
انہوں نے تل ابیب میں فاکس نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’ہمیں 30 روز میں پیشرفت دکھائی دے رہی ہے، امید ہے اس دوران کچھ ہتھیاروں کو ہٹانے کا کام شروع ہو گا جبکہ سرنگوں کو بند کرنے پر بھی کام کا آغاز ہو گا۔‘
غزة میں بورڈ آف پیس کے ایک عہدیدار نے "العربیہ” اور "الحدث” چینلز پر انکشاف کیا ہے کہ اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کے ساتھ غزہ کی پٹی میں آگے بڑھنے کے راستے پر اتفاق رائے ہو گیا ہے۔
عہدیدار نے بتایا کہ دونوں فریقوں نے پٹی میں دو ورکنگ گروپس تشکیل دینے پر اتفاق کیا ہے جن میں سے پہلا غزہ کو ہتھیاروں سے پاک کرنے کے معاملے کو سنبھالے گا۔ دوسرا گروپ شہریوں کی بنیادی ضروریات سے متعلق ہوگا۔
عہدیدار نے مزید کہا کہ پیس بورڈ اور اسرائیل حماس کو مکمل طور پر نہتا کرنے کا مشترکہ ہدف رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پٹی سے ہتھیار باہر نکالے جائیں گے تاکہ ان کے دوبارہ استعمال نہ ہونے کی ضمانت دی جا سکے۔
انہوں نے وضاحت کی کہ نیتن یاہو کے ساتھ ہونے والا معاہدہ اس بات پر مبنی ہے کہ ہتھیاروں کی تلفی سے پہلے اسرائیل غزة سے پیچھے نہیں ہٹے گا۔ اس بات پر بھی اتفاق ہوا ہے کہ پٹی میں سرنگوں کو تباہ کرنے سے پہلے بھی کوئی انخلا نہیں ہوگا۔
اہلکار نے کہا ہے کہ اسرائیل غزہ کی پٹی کے منصوبے کو ایک موقع دے گا اور حماس کو یہ ظاہر کرنا ہوگا کہ آیا وہ نہتا ہونے کے عمل کی پابندی کرے گی یا نہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر حماس نے دوبارہ مسلح ہونے کی کوشش کی تو اسرائیل کے پاس دفاعِ خود اختیاری کا حق موجود ہے۔
دوسری طرف نتین یاہو کے دفتر نے آج اعلان کیا کہ پٹی میں کی جانے والی کسی بھی تعمیر نو کا کام شروع کرنے سے پہلے حماس کو نہتا کرنے سے متعلق پیس بورڈ کے ساتھ ایک معاہدہ طے پا گیا ہے۔
دفتر نے بتایا کہ اس معاہدے میں حماس کو نہتا کرنے کے لیے ایک مخصوص ٹیم کی تشکیل شامل ہے۔ دفتر نے کہا کہ نیتن یاہو نے پیس بورڈ کے ساتھ تفصیلی اور تعمیری گفتگو کی جس میں پٹی کے اگلے مرحلے کے انتظامات پر بات کی گئی۔
غزہ میں آگے بڑھنے کے راستے پر نیتن یاہو سے اتفاق کر لیا: بورڈ آف پیس

