واشنگٹن: معروف امریکی اخبار ‘واشنگٹن پوسٹ’ نے سرکاری ریکارڈز کا حوالہ دیتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ وائٹ ہاؤس میں تعمیراتی اور جدید کاری کے منصوبوں پر کم از کم 900 ملین ڈالر خرچ کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق، کانگریس سے براہِ راست فنڈز حاصل کرنے کے بجائے انتظامیہ نے انتہائی چالاکی سے دیگر سرکاری ایجنسیوں اور نجی عطیہ دہندگان سے بھاری رقوم اکٹھی کی ہیں۔ ان فنڈز کو ایک ایسے خصوصی اکاؤنٹ میں منتقل کیا گیا ہے جو عام طور پر وائٹ ہاؤس کی معمولی مرمت کے لیے استعمال ہوتا ہے اور اس میں صرف چند ملین ڈالر رکھے جاتے ہیں۔
معاہدوں اور منصوبہ بندی سے جڑی خفیہ دستاویزات سے یہ بات عیاں ہوتی ہے کہ انتظامیہ اس اکاؤنٹ کی رقم کو وائٹ ہاؤس کے بڑے پیمانے پر "جدید کاری کے منصوبوں” کی تکمیل کے لیے استعمال کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ دوسری جانب، خبر رساں ادارے رائٹرز کی جانب سے اس رپورٹ کی فوری طور پر تصدیق نہیں ہو سکی ہے، اور نہ ہی وائٹ ہاؤس نے اس معاملے پر میڈیا کی درخواست پر کوئی باضابطہ تبصرہ کیا ہے۔
وائٹ ہاؤس کی تزئین و آرائش کا انکشاف: ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے کم از کم 900 ملین ڈالر خرچ کیے جانے کا منصوبہ

