خوشاب/سرگودھا( راجہ نورالہی عاطف سے )
ریڈیو پاکستان سرگودھا کے خصوصی پروگرام ’’میری پہچان پاکستان‘‘ میں محتسب پنجاب ریجنل آفس سرگودھا کے ایڈوائزر محمد الیاس گل نے شرکت کی اور صوبائی حکومت سے متعلق عوامی مسائل، شکایات اور ان کے فوری ازالے کے طریقہ کار کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی محمد الیاس گل نے کہا کہ عوام کو درپیش مختلف چیلنجز اور مسائل کے حل کے لیے محتسب پنجاب کا ادارہ مؤثر کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے پروگرام کے دوران سامعین کی شکایات بھی فوری طور پر نوٹ کیں اور انہیں شکایات کے اندراج اور ازالے کے طریقہ کار سے آگاہ کیا۔انہوں نے بتایا کہ شہری اپنی شکایات کے اندراج کے لیے محتسب پنجاب کی 24 گھنٹے، ہفتے کے ساتوں دن دستیاب ہیلپ لائن 1050 پر رابطہ کر سکتے ہیں، جہاں ان کی شکایت فوری طور پر درج کی جا سکتی ہے۔ اس کے علاوہ شہری سادہ کاغذ پر اپنی درخواست لکھ کر محتسب پنجاب ریجنل آفس سرگودھا میں جمع کرا سکتے ہیں، جبکہ آن لائن ویب سائٹ کے ذریعے بھی شکایت درج کرانے کی سہولت موجود ہےمحتسب پنجاب ریجنل آفس سرگودھا کی کارکردگی کے حوالے سے محمد الیاس گل نے بتایا کہ یکم جنوری سے اگست تک تقریباً 1500 شکایات ریجنل آفس سرگودھا کو موصول ہوئیں، جن میں سے 900 کے قریب شکایات کے فیصلے کیے جا چکے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ موصول ہونے والی شکایات میں سُتھرا پنجاب، محکمہ مال،وا سا ، پولیس، محکمہ سوشل ویلفیئر اور دیگر صوبائی اداروں سے متعلق شکایات نمایاں ہیں۔
محمد الیاس گل نے عوام کو مشورہ دیا کہ فوری اور بلا معاوضہ انصاف کے حصول کے لیے محتسب پنجاب کے ادارے پر اعتماد کریں اور اپنی شکایت سادہ کاغذ پر تحریر کرکے متعلقہ ریجنل آفس تک پہنچائیں یا آن لائن درخواست جمع کرائیں۔انہوں نے ریڈیو پاکستان سرگودھا کے پروگرام ’’میری پہچان پاکستان‘‘ کو عوامی مسائل کے حل کے حوالے سے ایک کھلی کچہری قرار دیتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ جو شہری ریڈیو پاکستان کے ذریعے اپنی درخواست اور شناختی کارڈ کی کاپی جمع کروائیں گے، ان کی شکایت بھی متعلقہ طریقہ کار کے تحت درج کرنے اور آگے بڑھانے میں معاونت کی جائے گی۔
پروگرام کے دوران سرگودھا شہر کے مختلف علاقوں سے شہریوں اور سامعین نے ٹیلی فون کالز کے ذریعے اپنی شکایات اور مسائل سے آگاہ کیا اور مختلف صوبائی محکموں سے متعلق مسائل پیش کیے۔ محتسب پنجاب کے نمائندے نے سامعین کو شکایات کے اندراج اور ان کے ازالے کے طریقہ کار کے حوالے سے ضروری رہنمائی فراہم کی۔سامعین نے ریڈیو پاکستان سرگودھا کی جانب سے عوامی مسائل کو اجاگر کرنے اور متعلقہ حکام تک پہنچانے کی اس کاوش کو سراہتے ہوئے مطالبہ کیا کہ ایسے عوامی آگاہی اور شکایات کے ازالے پر مبنی پروگرامز کا انعقاد تسلسل کے ساتھ کیا جائے تاکہ شہریوں کو اپنے مسائل کے حل کے لیے مؤثر پلیٹ فارم میسر آ سکے۔
پروگرام کے میزبان سبطین بلوچ تھے، جبکہ پروڈیوسر محمد جمشید قادری اور ایگزیکٹو پروڈیوسر فریحہ کنول تھیں۔

