تہران: ایران کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے مسلح افواج اور پاسدارانِ انقلاب (آئی آر جی سی) کی اعلیٰ ترین سطح پر تقرریاں اور احکامات صادر کیے ہیں۔
حالیہ جنگی کشیدگی اور عسکری نقصان کے بعد فوج اور پاسدارانِ انقلاب کی ترکیب کو ازسرنو تشکیل دینے کا مقصد دفاعی ڈھانچے کو مضبوط بنانا ہے۔ سرکاری ویب سائٹ پر جاری کردہ بیانات کے مطابق کل 6 اہم عسکری عہدوں پر نئی تعیناتیاں عمل میں لائی گئی ہیں۔
علی عبداللہی بطور چیف آف سٹاف: سپریم لیڈر نے آئی آر جی سی کے میجر جنرل علی عبداللہی کو مسلح افواج اور پاسدارانِ انقلاب کی نگرانی کرنے والے مرکزی ہیڈکوارٹر کا چیف آف سٹاف مقرر کر دیا ہے۔ اس سے قبل وہ خاتم الانبیاء مرکزی آپریشنز روم کی قیادت فرائض انجام دے رہے تھے۔ جبکہ کیومرث حیدری کو ان کا نائب مقرر کیا گیا ہے۔
احمد وحیدی اور مصطفیٰ ایزدی کی تقرریاں: احمد وحیدی کو باضابطہ طور پر پاسدارانِ انقلاب (سپاہ پاسداران) کا کمانڈر مقرر کر دیا گیا ہے، جو جنگ کے دوران پیش رو کے جاں بحق ہونے کے بعد سے غیر رسمی طور پر یہ ذمے داریاں نبھا رہے تھے۔ اسی طرح میجر جنرل مصطفیٰ ایزدی کو پاسدارانِ انقلاب کا سیکنڈ ان کمانڈ (نائب سپاہ سالار) تعینات کیا گیا ہے، جبکہ برگیڈیئر جنرل علی عظمایی کو بحریہ کا نیا کمانڈر بنا دیا گیا ہے۔
حسین تائب ’باسیج‘ کے سربراہ مقرر: حسین تائب کو عوامی رضاکار فورس ’باسیج‘ کا نیا سربراہ مقرر کیا گیا ہے۔ حسین تائب اس سے قبل پاسدارانِ انقلاب کی انٹیلی جنس آرگنائزیشن کی سربراہی بھی کر چکے ہیں اور انہیں مجتبیٰ خامنہ ای کے قریبی حلقے میں شمار کیا جاتا ہے۔ اس سے قبل اتوار کے روز محسن رضائی کو اعلیٰ قومی سلامتی کونسل میں سپریم لیڈر کا نمائندہ مقرر کیا گیا تھا۔
سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کے حکم پر اہم تقرریاں، علی عبداللہی چیف آف سٹاف ، احمد وحیدی پاسدارانِ انقلاب کے کمانڈر مقرر!

