خوشاب/سرگودھا( راجہ نورالہی عاطف سے )
ایچ سی آر فاؤنڈیشن پاکستان کے منصوبے "ایمپلی فائنگ وائسز پاکستان” کے تحت ریڈیو پاکستان سرگودھا ایف ایم 101 کے تعاون سے خواتین میں شعور و آگاہی، ہنرمندی اور معاشی خودمختاری کے حوالے سے خصوصی عوامی آگاہی پروگرام براہِ راست نشر کیا گیا۔
پروگرام کی مہمان خصوصی کمیونٹی موبلائزر رمشہ رفیق تھیں، جبکہ ان کے ہمراہ ایچ سی آر فاؤنڈیشن کے منصوبوں سے مستفید ہونے والی خواتین امبرین اور اقراء نے بھی شرکت کی اور اپنے تجربات و خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ایچ سی آر فاؤنڈیشن پاکستان کی معاونت سے انہیں ہنر سیکھنے، روزگار کے مواقع حاصل کرنے اور اپنے پاؤں پر کھڑا ہونے میں مدد ملی۔
رمشہ رفیق نے بتایا کہ ایچ سی آر فاؤنڈیشن پاکستان اپنی کمیونٹی کی فلاح و بہبود کے لیے مختلف سطحوں پر کام کر رہی ہے، جس میں خواتین کو ہنر سکھانے، انہیں بااختیار بنانے، روزگار کے مواقع فراہم کرنے اور بنیادی صحت کی سہولیات کی فراہمی سمیت مختلف اقدامات شامل ہیں۔ انہوں نے فاؤنڈیشن کے اہم منصوبے "روشن گھر” کے حوالے سے بھی تفصیلی گفتگو کی، جس کا مقصد خواتین کو باصلاحیت اور معاشی طور پر خودمختار بنانا ہے۔
پروگرام کے دوران ریڈیو پاکستان سرگودھا کے سامعین نے براہِ راست ٹیلی فون کالز کے ذریعے شرکت کی اور خواتین کی فلاح و بہبود کے لیے جاری اس اقدام کو سراہا۔
پروگرام کی میزبانی نازیہ قمر نے کی، جبکہ اسٹوڈیو انجینئر رانا قیصر وقاص اور کوآرڈینیٹر نعمان شفیق نے تکنیکی و انتظامی امور میں معاونت کی۔ پروگرام ریڈیو پاکستان سرگودھا ایف ایم 101 سے براہِ راست نشر کیا گیا۔


