سیالکوٹ۔ پسرور سلیم احمد اعوان شیخو محمد اشفاق
محکمہ تعلیم سکولز پنجاب نے صوبہ بھر کے کئی سیکنڈری سکولوں کو ہائیر سیکنڈری کا درجہ دینے کا ایک بڑا اور انقلابی فیصلہ کیا ہے جس کے تحت اب طلبہ و طالبات میٹرک مکمل کرنے کے بعد اپنے ہی تعلیمی اداروں میں ایف اے اور ایف ایس سی کی تعلیم جاری رکھ سکیں گے۔اس اپ گریڈیشن کے عمل کو شفاف بنانے کے لیے محکمہ تعلیم سکولز پنجاب نے صوبہ بھر کے سیکنڈری سکولوں سے تفصیلی ڈیٹا طلب کر لیا ہے۔ جس کی جانچ پڑتال کے لئے تھرڈ پارٹی انسپکشن کے ذریعے سیکنڈری سکولوں کا معائنہ کیا جائے گا اور صرف معیار پر پورا اترنے والے سیکنڈری سکولوں کو ہی ہائیر سیکنڈری کا درجہ دیا جائے گا۔ صوبہ بھر میں موجود تقریباً 6 ہزار سیکنڈری سکولوں میں سے 5 ہزار 800 سکول اب تک اپنی مطلوبہ معلومات فراہم کر چکے ہیں جبکہ مناسب جگہ اور بہترین سہولیات کی دستیابی کی بنیاد پر 795 سیکنڈری سکولوں نے ہائیر سیکنڈری سطح پر اپ گریڈ ہونے کے لئے گہری دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔

