مینگورہ :اپر سوات میں گھریلو ناچاقی اور خاندانی تنازعات کے نتیجے میں انسانیت سوز دو الگ الگ روح فرسا واقعات پیش آئے ہیں، جہاں سابق اور موجودہ شوہروں کے بہیمانہ تشدد اور فائرنگ کے نتیجے میں ایک معروف خاتون ٹک ٹاکر سمیت دو خواتین زندگی کی بازی ہار گئیں۔
پولیس کے مطابق پہلا دلخراش واقعہ خوازہ خیلہ کے علاقے میں پیش آیا، جہاں ایک نامور خاتون ٹک ٹاکر نبیلہ کو اس کے سابق شوہر نے مبینہ طور پر فائرنگ کرکے موت کے گھاٹ اتار دیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مقتولہ کے بھائی کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے।
دوسرا اندوہناک واقعہ عالم گنج کے علاقے میں پیش آیا، جہاں ابتدائی اطلاعات کے مطابق گھریلو ناچاقی پر موجودہ شوہر نے مبینہ طور پر شدید جسمانی تشدد کا نشانہ بنا کر اپنی بیوی کو قتل کر دیا۔
اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس دونوں مقامات پر بروقت پہنچی، لاشوں کو تحویل میں لے کر ضروری شواہد اکٹھے کیے اور قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دونوں لرزہ خیز مقدمات کی میرٹ پر شفاف تحقیقات جاری ہیں اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والے تمام ذمہ داران کو آہنی ہاتھوں سےنپٹاجائے گا۔
سوات :شوہر کے ہاتھوں ٹک ٹاکر خاتون ق ت ل، گھریلو ناچاقی پر ایک اور خاتون بھی ماری گئی

