چکوال: رپورٹ: جلیل نقوی
ڈپٹی کمشنر سارہ حیات کی زیرِ صدارت 17 صفر المظفر اور چہلم حضرت امام حسینؑ کے سلسلے میں ضلعی امن و بین المذاہب ہم آہنگی کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایس پی انویسٹی گیشن ساجد محمود گوندل، ضلعی امن و بین المذاہب ہم آہنگی کمیٹی کے اراکین، ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں ضلع بھر میں امن و امان، مذہبی ہم آہنگی، بھائی چارے اور رواداری کے فروغ سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ضلعی امن کمیٹی کے اراکین نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ 17 صفر المظفر اور چہلم حضرت امام حسینؑ کے موقع پر ضلع میں امن عامہ کے قیام، بین المذاہب ہم آہنگی اور بھائی چارے کے فروغ کے لیے ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھا جائے گا، جبکہ معاشرے میں امن، برداشت اور اتحاد کا پیغام عام کرنے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کیا جائے گاڈپٹی کمشنر سارہ حیات نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام اور چہلم حضرت امام حسینؑ کے دوران امن و امان کا قیام ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔۔اجلاس کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر سارہ حیات اور ایس پی انویسٹی گیشن ساجد محمود گوندل نے ضلعی امن و بین المذاہب ہم آہنگی کمیٹی کے اراکین کی مشاورت، تعاون اور مفید تجاویز کو سراہتے ہوئے کہا کہ ضلع میں امن عامہ کے قیام اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے ان تجاویز سے بھرپور استفادہ کیا جائے گا۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ ضلع میں پرامن فضا برقرار رکھنے کے لیے تمام مکاتبِ فکر مشترکہ ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے حسبِ روایت اپنا مثبت کردار ادا کریں۔

