سانگھڑ رپورٽ. اشفاق سلہری
ایس ایس پی آفس سانگھڑ میں ایس ایس پی شاہنواز چاچڑ کے تعاون سے تھیلیسیمیا کے مریضوں کے لیے بلڈ ڈونیشن کیمپ کا انعقاد کیا گیا، جس میں ضلع بھر سے پولیس کے سیکڑوں افسران اور جوانوں نے بھرپور شرکت کرتے ہوئے رضاکارانہ طور پر خون کا عطیہ دیا۔اس موقع پر مقررین نے کہا کہ تھیلیسیمیا کے مریضوں کو باقاعدگی سے خون کی ضرورت ہوتی ہے، اور ایسے بلڈ ڈونیشن کیمپس نہ صرف مریضوں کی جان بچانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں بلکہ معاشرے میں انسان دوستی، خدمتِ خلق اور سماجی ذمہ داری کے جذبے کو بھی فروغ دیتے ہیں۔ایس ایس پی شاہنواز چاچڑ نے خون عطیہ کرنے والے تمام پولیس افسران اور جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ سندھ پولیس عوام کی جان و مال کے تحفظ کے ساتھ ساتھ فلاحی سرگرمیوں میں بھی ہمیشہ پیش پیش رہتی ہے، اور تھیلیسیمیا کے مریضوں کی مدد کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھا جائے گا۔


