نواب شاہ (نمائندہ بے نقاب نیوز نفیس آرائیں)
ڈی آئی جی شہید بینظیر آباد رینج فیصل بشیر میمن نے پولیس ٹریننگ کالج شہدادپور میں منعقدہ 188ویں ریکروٹ ٹریننگ کورس (بیچ نمبر /1/26) کی پاسنگ آؤٹ پریڈ میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ پرنسپل پولیس ٹریننگ کالج، میڈم زاہدہ پروین جامڑو نے ان کا استقبال کیا، جبکہ تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد ڈی آئی جی نے پریڈ کا معائنہ کیا۔پاس آؤٹ ہونے والے ریکروٹس نے شاندار مارچ پاسٹ، بہترین نظم و ضبط اور پیشہ ورانہ مہارت کا عملی مظاہرہ پیش کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈی آئی جی فیصل بشیر میمن نے کہا کہ سندھ پولیس ایک باوقار عوامی خدمت کا ادارہ ہے، جہاں دیانت داری، نظم و ضبط، قانون کی بالادستی اور عوام دوست طرزِ عمل ہر اہلکار کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ جدید چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پیشہ ورانہ تربیت، اعلیٰ اخلاقی اقدار اور عوام کے ساتھ خوش اخلاقی ناگزیر ہے۔تقریب کے اختتام پر ڈی آئی جی نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ریکروٹس میں اسناد اور انعامات تقسیم کیے، پولیس ٹریننگ کالج کے افسران اور تربیتی عملے کی خدمات کو سراہا اور نئے اہلکاروں کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ عوام کے جان و مال کے تحفظ اور قیامِ امن کے لیے اپنی ذمہ داریاں دیانت داری اور فرض شناسی سے انجام دیں گے۔

