چنیوٹ (فرحان بلال سے)
ڈپٹی کمشنر عائشہ رضوان نے دریائے چناب پر قائم ریلوے حفاظتی بند کا دورہ کیا اور ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر حفاظتی بند کی مضبوطی، استعداد (کیپسٹی) اور دیگر حفاظتی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔دورے کے دوران ریلوے کے متعلقہ افسران نے ڈپٹی کمشنر کو حفاظتی بند کی موجودہ صورتحال، مضبوطی، پانی کے دباؤ سے نمٹنے کی صلاحیت، حساس مقامات اور جاری حفاظتی اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی۔ڈپٹی کمشنر عائشہ رضوان نے ہدایت کی کہ حفاظتی بند کی مسلسل نگرانی کو یقینی بنایا جائے، حساس مقامات پر خصوصی توجہ دی جائے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام ضروری مشینری، افرادی قوت اور وسائل ہر وقت تیار رکھے جائیں۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو باہمی رابطہ مؤثر رکھنے اور حفاظتی انتظامات میں کسی قسم کی غفلت نہ برتنے کی بھی ہدایت کی۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے، اس لیے ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر تمام متعلقہ ادارے مکمل الرٹ رہیں اور حفاظتی بندوں کی مؤثر دیکھ بھال کو ہر صورت یقینی بنایا جائے

