قاضی احمد رپورٹ:سائين بخش لاکھو
نواب ولی محمد پریس کلب کے سینئر نائب صدر، سینئر صحافی اور قوم پرست رہنما استاد خیرل منگھار طویل عرصے تک علالت میں مبتلا رہنے کے بعد انتقال کر گئے۔ان کے انتقال کی خبر سنتے ہی صحافتی، سیاسی، سماجی اور قومی حلقوں میں گہرے دکھ اور افسوس کی لہر دوڑ گئی۔ مرحوم کی نمازِ جنازہ نواب ولی محمد کے قریب ان کے آبائی گاؤں رئیس بگھیو میں ادا کی گئی، جس میں صحافیوں، سیاسی و سماجی رہنماؤں، شہریوں اور علاقے کے لوگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔نمازِ جنازہ کے بعد مرحوم استاد خیرل منگھار کو سوگوار ماحول میں ہزاروں اشک بار آنکھوں کے سامنے سپردِ خاک کر دیا گیا۔اس موقع پر شرکاء نے مرحوم کی صحافتی، قومی اور سماجی خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ استاد خیرل منگھار کا انتقال صحافت، قومی تحریک اور پورے علاقے کے لیے ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔ انہوں نے مرحوم کے لیے مغفرت، درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا بھی کی۔

