دیر بالا (بیورو چیف ریاض ابوالخیل)
دیر بالا: انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید اور ریجنل پولیس آفیسر ملاکنڈ سید فدا حسن شاہ کے احکامات کی روشنی میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر دیر بالا اسلم نواز نے سرکل کوہستان میں پولیس سہولت مرکز شرینگل کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔پولیس سہولت مرکز کے قیام کا مقصد عوام کو ان کے علاقے میں ایک ہی چھت تلے بروقت، شفاف اور آسان پولیس خدمات فراہم کرنا ہے تاکہ شہریوں کو دور دراز سفر کی زحمت سے بچایا جا سکے اور پولیس خدمات تک رسائی مزید آسان ہو۔پولیس سہولت مرکز میں ڈرائیونگ لائسنس کے اجراء، کرایہ داران و ملازمین کا اندراج، ایف آئی آر کی کاپی، پولیس کلیئرنس سرٹیفیکیٹ، خواتین کے مسائل کے حل کے لیے ویمن ڈیسک، قانونی رہنمائی اور قومی شناختی کارڈ کی تصدیق سمیت دیگر سہولیات فراہم کی جائیں گی۔افتتاحی تقریب میں ایس ڈی پی او سرکل کوہستان نجاد خان، ایس ایچ او تھانہ شرینگل جوہر علی خان، ایس ایچ او تھانہ کلکوٹ نوروز خان، علاقہ معززین، میڈیا نمائندگان اور دیگر پولیس افسران نے شرکت کی۔

