چکوال رپورٹ جلیل نقوی
20 محرم الحرام کے موقع پر امام بارگاہ سید الشہداءؑ بھگوال میں منعقد ہونے والا قدیمی سالانہ جلوس و مجلسِ عزا پُرامن ماحول میں بخیریت اختتام پذیر ہو گیا۔ جلوسِ عزا صبح 9:00 بجے سائیں مہر خان مرحوم کی رہائش گاہ سے اپنے مقررہ راستوں پر روانہ ہوا اور نمازِ ظہرین سے قبل امام بارگاہ سید الشہداءؑ پہنچا، جہاں مجلسِ عزا منعقد ہوئی۔ مجلس سے آغا محی الدین کاظم، مولانا عامر عباس ہمدانی، مولانا سید حسن عسکری اور مولانا ہاشم رضا ہاشمی نے خطاب کیا، جبکہ بعد ازاں شرکائے عزاء میں لنگرِ حسینیؑ اور نیازِ حسینیؑ تقسیم کی گئی۔ ڈی پی او چکوال کاشف ذوالفقار کی ہدایت پر پولیس کی جانب سے بہترین سیکیورٹی انتظامات کیے گئے اور ایس ایچ او تھانہ نیلہ حافظ شفقت امین نے موقع پر موجود رہ کر انتظامات کی نگرانی کی۔ اس موقع پر صاف ستھرا پنجاب پروگرام کی ٹیم نے بھی مثالی خدمات سرانجام دیں۔ سپروائزر عمر عزیز کی ہدایت پر میٹ حماد کی زیر نگرانی محمد شفیق اور ٹیم مسلسل موقع پر موجود رہے، جبکہ امام بارگاہ سید الشہداءؑ کے اطراف اور جلوس کے تمام روٹ پر وقفے وقفے سے صفائی کا عمل جاری رکھا گیا، جس سے پورے پروگرام کے دوران صفائی اور نظم و ضبط کی بہترین صورتحال برقرار رہی۔ عزاداران، منتظمین اور مقامی شہریوں نے تمام متعلقہ اداروں کی خدمات کو سراہا۔

